امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایک خاتون نے آسمان سے ایک پُراسرار شے کو جلتی ہوئی حالت میں گرتے ہوئے دیکھا اور اس منظر کی ویڈیو بھی بنا لی، جس نے لوگوں کو حیران کردیا ہے۔
کولین میک کارمک نامی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ رات کے قریباً 9 بجے اپنے گھر کے باہر بیٹھی آرام کررہی تھیں جب اچانک ان کی نظر آسمان پر ایک عجیب چیز پر پڑی۔ جس پر انہوں نے مقامی ٹی وی چینل کو آگاہ کیا۔
’میں بس سکون سے ہاٹ ٹب میں بیٹھی تھی، آسمان کی طرف دیکھا تو ایک چھوٹی سی چیز تیرتی ہوئی دکھائی دی، میں نے کہا یہ کیا ہو سکتا ہے۔ کولین نے فوراً اپنا فون نکالا اور اس منظر کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔‘
🚨 BREAKING: BACK-TO-BACK SKY FIREBALLS? MYSTERIOUS OBJECT FALLS – THEN VANISHES
A woman in Pembroke filmed a burning object plummeting from the sky Wednesday night, then watched it disappear without a sound.
No impact. No explosion. No trace.“It looked like it was on fire,”… pic.twitter.com/mdgUEUUCCB
— HustleBitch (@HustleBitch_) June 27, 2025
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسا لگ رہا تھا جیسے کچھ جل رہا ہو، اور بڑی تیزی سے نیچے کی طرف آ رہا ہو۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں کہ یہ کیا چیز ہو سکتی تھی۔
جب اس واقعے پر فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے رابطہ کیا گیا تو حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں کسی ملبے کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، انہوں نے ویڈیو پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
کولین نے کہاکہ میرا دل زور زور سے دھڑکنے لگا کیونکہ میں نے جیسے ہی آسمان کی طرف دیکھا تو میں نے سوچا کہ خدا جانے اب کیا ہونے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ توقع کررہی تھیں کہ جب وہ چیز زمین سے ٹکرائے گی تو کوئی زوردار آواز سنائی دے گی، لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
’یہ بہت خاموش منظر تھا، بالکل آواز نہیں آئی۔ اسی لیے میں اور بھی زیادہ کنفیوز ہوگئی، کیوں کہ جب کبھی کچھ اوپر سے گزرتا ہے تو آواز ضرور آتی ہے۔‘
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور صارفین مختلف قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ آیا یہ کوئی خلائی ملبہ تھا، شہاب ثاقب، یا کچھ اور تھا۔