کوئی دشمن پاکستان کو کمزور نہ سمجھے، معرکہ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

ہفتہ 28 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن بھارت متکبرانہ اور جارحانہ رویے کا مسلسل مظاہرہ کررہا ہے، بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ دشمن نے ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا تو نتائج کی ذمہ داری اس پر ہوگی۔ معرکہ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہوگا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیوی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چند برسوں میں بھارت نے دہشتگردی کے خلاف کارروائی کے بہانے دو بار پاکستان پر بلاوجہ حملے کیے۔ دونوں مواقع پر پاکستان کے بھرپور اور مؤثر جواب سے پورے خطہ ایک بڑے تنازعے سے بچا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان نیول اکیڈمی میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت

انہوں نے کہاکہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو ترجیح دی۔ آج پاکستان خطے میں ’نیٹ ریجنل سٹیبلائزر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر دشمن یہ سمجھے کہ آئندہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے کو برداشت کرے گا، تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہوگی۔

فیلڈ مارشل نے کہاکہ ہم اپنی قومی طاقت میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں، اور اگر کوئی دشمن یہ سمجھے کہ پاکستان کمزور ہے یا جواب نہیں دے گا، تو وہ سخت غلطی پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کوئی دشمن ہماری خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے، تو اس کے نتائج کی ذمہ داری اسی پر ہوگی، اور وہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر حال میں اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا، اور اس میں کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ ’میری ٹائم واریئرز‘ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ آج کی پریڈ میں کیڈیٹس کا مثالی ٹرن آؤٹ اور پرجوش انداز پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ معیار کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب کیڈیٹس کے پُراعتماد انداز میں ہماری قوم کی امیدیں اور توقعات سمٹ آئی ہیں۔ ایوارڈ جیتنے والے کیڈٹس اپنی شاندار کامیابیوں پر خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں دوست ممالک ترکیہ، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاس آؤٹ ہونے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جس کی پہچان اعلیٰ عسکری اخلاقیات، غیر معمولی مہارت اور بے مثال پیشہ ورانہ روایات ہیں۔

’میں آپ کو تلقین کرتا ہوں کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔‘

آرمی چیف نے کہاکہ بحری جنگ کا میدان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہےاور ہمیں اس سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ پاکستان کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر سورہ بقرہ کی آیت 249 کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اللہ فرماتا ہے۔

’کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ تھوڑی سی تعداد نے اللہ کے حکم سے بڑی تعداد کو شکست دی۔ اور اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔” (سورۃ البقرہ، آیت 249)‘

انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا ہے، آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پُرعزم ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ ترقی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان تعلق ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں فیلڈ مارشل عاصم منیر متاثر کن شخصیت ہیں، امریکی صدر کا ایک بار پھر اقرار

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp