لاہور: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، امریکہ ان مسائل سے آگاہ ہے اور تدارک کیلئے مشاورت کر رہا ہے، 200 ملین ڈالرز اب تک سیلاب کے بعد پاکستانی حکومت کو دیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، آئی ٹی اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر براداری کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے ہم اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، توانائی اور قدرتی آفات کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا خواتین کی معاشی صورتحال اور ویمن انٹرپرینیورکو آگے لانے کیلئے بھی تعاون کریں گے، خواتین کی معاشی خود مختاری کے لئے ہر ممکن امداد کریں گے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا 2022 میں 9.9 بلین ڈالرز کی پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت ہوئی، پاکستانی
ٹیکسٹائل انڈسٹری نے امریکہ میں بہت پذیرائی حاصل کی۔