اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس یکم جولائی کو ہوگا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن اجلاس کی صدارت کریں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے ہائیکورٹ کے ججوں کی سینیارٹی لسٹ جاری کیے جانے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 سینیئر ججوں کے ناموں پر غور ہوگا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کی ہدایت پر صدر مملکت کا فیصلہ، جسٹس ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر جج قرار، نوٹیفیکیشن جاری
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر صدر مملکت آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی کے تعین سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس سرفراز ڈوگر کو عدالتِ عالیہ کا سینیئر ترین جج قرار دیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صدرِ مملکت نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے بعد جسٹس سرفراز ڈوگر کو سینیارٹی میں سرفہرست، جسٹس محسن اختر کیانی کو دوسرے جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو تیسرے نمبر پر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: ججز کا تبادلہ غیر آئینی نہیں، سپریم کورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
مزید برآں، جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف کے مستقل تبادلوں کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ اعلیٰ عدلیہ میں سینیارٹی سے متعلق جاری مباحثے میں ایک واضح پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں ججز کی تعیناتی اور عدالتی نظم و نسق پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔