معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ ان کے نزدیک شادی ایک جُوا ہے، اور وہ اس اہم فیصلے میں کسی قسم کی جلد بازی نہیں کرنا چاہتیں۔
’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی ازدواجی ترجیحات، فنی سفر، مستقبل کے منصوبوں اور عمر سے متعلق معاشرتی رویوں پر بے لاگ گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں مہوش حیات نے بالآخر شادی کا فیصلہ کرلیا لیکن کس سے؟
مہوش حیات نے کہاکہ وہ حقیقت پسند ہیں اور ایسے شریکِ حیات کی خواہاں ہیں جو ان کی زندگی میں سکون لائے اور جس پر وہ مکمل اعتماد کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ رومانوی مزاج ضرور رکھتی ہیں، مگر شادی جیسے اہم معاملے میں محتاط رویہ اختیار کریں گی۔ ان کے مطابق کچھ لوگوں کے لیے شادی اولین ترجیح ہو سکتی ہے، لیکن وہ چاہتی ہیں کہ یہ فیصلہ سمجھ داری اور مکمل غور و فکر کے بعد کیا جائے۔
انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ مستقبل میں ہدایتکاری کا ارادہ رکھتی ہیں اور ڈراموں کے سیٹ پر ہدایتکاروں کے اندازِ کار کا بغور مشاہدہ کرتی ہیں تاکہ وہ تجربات ان کے لیے آئندہ کام آئیں۔
اداکارہ نے روحانیت پر بات کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے ساتھ ان کا تعلق بہت ذاتی اور خاص نوعیت کا ہے، اور وہ تنہائی میں اس سے بات کر کے سکون پاتی ہیں۔
مہوش حیات نے عمر سے متعلق معاشرتی رویے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مرد اداکاروں کو تو بڑی عمر میں بھی کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ باوقار انداز میں پیش کیا جاتا ہے، مگر خواتین کے لیے وقت جیسے رُک جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ مغرب میں عمر کو اس قدر اہمیت نہیں دی جاتی، وہاں فنکاراؤں کی مہارت اور کام کو سراہا جاتا ہے، جب کہ یہاں عمر کو لے کر غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں مہوش حیات اور ہنی سنگھ ایک ساتھ، میوزک ویڈیو کب آرہی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر ایک قدرتی عمل ہے جس سے ہر انسان گزرتا ہے، اور اداکاراؤں سے متعلق غیر منصفانہ توقعات رکھنا درست رویہ نہیں۔