آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کے گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔
اوگرا سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے فکسڈ چارجز میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ چارجز 400 روپے سے بڑھا کر 600 روپے کر دیے گئے ہیں۔ تاہم اوگرا نے واضح کیا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق صرف ماہانہ فکسڈ چارجز تک محدود ہے، گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں عمومی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری
دوسری جانب نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ صارفین جو ماہانہ 1.5 ایچ ایم تک گیس استعمال کرتے ہیں، ان کے فکسڈ چارجز 1000 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کردیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایسے نان پروٹیکٹڈ صارفین جو 1.5 ایچ ایم سے زیادہ گیس استعمال کرتے ہیں، ان کے چارجز 2000 سے بڑھا کر 3000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
اوگرا کے مطابق بلک صارفین، پاور سیکٹر اور صنعتوں کے لیے بھی گیس نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ تندور، کمرشل، کیپٹو پاور، سی این جی، سیمنٹ اور کھاد کے شعبے کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں حکومت کا کمرشل اور گھریلوں صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مہنگائی کی لہر پہلے ہی عام شہریوں کی قوتِ خرید کو متاثر کر چکی ہے، اور توانائی کے شعبے میں ایسے فیصلے مستقبل میں مزید دباؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔