روس کا یوکرین پر بڑا فضائی حملہ، یوکرینی ایف 16 جہاز تباہ، پائلٹ بھی ہلاک

اتوار 29 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے گزشتہ شب یوکرین پر ڈرونز اور میزائلوں کی مدد سے اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا، جسے روکنے کی کوشش کے دوران یوکرینی فضائیہ کا ایک ایف 16 جنگی طیارہ بھی گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

یہ بھی پڑھیں پیوٹن سے متوقع ملاقات: ٹرمپ روس یوکرین جنگ رُکوانے کے لیے پُرعزم

امریکی میڈیا نے یوکرینی فوج کے حوالے سے بتایا کہ اس بڑے پیمانے پر ہونے والے حملے میں روس نے مجموعی طور پر 537 ڈرونز اور میزائل داغے، جن میں سے یوکرینی فضائی دفاع نے 249 کو کامیابی سے مار گرایا، جبکہ باقی فضائی اہداف ریڈار سے غائب ہوگئے۔

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں ملک کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سول انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ایف 16 طیارہ روسی فضائی حملے کو ناکام بنانے کی کارروائی کے دوران تباہ ہوا۔

یوکرینی فوج کے مطابق مذکورہ پائلٹ نے حملے کے دوران 7 روسی فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، تاہم آخری ہدف کو مار گرانے کی کوشش کے دوران طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں روس یوکرین جنگ بندی کے لیے برطانیہ اور فرانس کی تجویز کیا ہے؟

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یوکرین نے گزشتہ سال امریکا سے ایف 16 طیارے حاصل کیے تھے۔ اب تک مجموعی طور پر تین ایف 16 طیارے تباہ ہو چکے ہیں، تاہم اس وقت یوکرین کے پاس ان طیاروں کی مجموعی تعداد کتنی ہے، یہ واضح نہیں ہو سکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp