ایران نے ایوین جیل پر اسرائیل کی طرف سے حملے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کردی ہے۔
ایران کی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع مشہور زمانہ ایوین جیل پر اسرائیل نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 71 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
انہوں نے جیل پر حملے کو ‘صیہونی فورسز کا جرم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کا اثر قریبی رہائشیوں پر بھی پڑا۔
ترجمان کے مطابق ہلاکتوں میں جیل کا انتظامی عملہ، فوجی دستے، قیدی، قیدیوں کے رشتہ دار اور قریبی رہائشی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ایرانی میزائلوں کا ردعمل، اسرائیل کا اصفہان کی جوہری تنصیب پر حملہ
واضح رہے کہ 13 جون کو شروع ہونے والی 12 روزہ تصادم میں اسرائیل نے ایرانی فوجی، جوہری اور شہری مقامات پر فضائی حملے کیے، جن میں کم از کم 606 افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں کم از کم 29 اسرائیلی ہلاک اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔














