ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے ایران پر اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ایران-اسرائیل تنازع کے دوران اسلام آباد کے جراتمندانہ موقف کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اسرائیل کی جارحیت کے خلاف جرات مند موقف اپنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جنگ کے دوران ملنے والی حمایت کبھی نہیں بھولیں گے، ایرانی سفیر کا پاکستانی حکومت اور قوم کے لیے اظہار تشکر
ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل موسوی کا کہنا تھا کہ 12 روزہ جارحیت کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ‘صہیونی ریاست’ کی مدد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اس حملے میں واشنگٹن نے نہ صرف جارحیت میں حصہ لیا بلکہ اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرکے اسرائیل کا دفاع بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ساتھ دیگر مغربی ممالک نے بھی زبانی اور عملی حمایت فراہم کی۔
میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے بتایا کہ ہم نے بہت کچھ قربانیاں دیں، خاص طور پر جنگ کے شروع میں ہمارے کئی سینیئر اور قابل کمانڈرز شہید ہوئے، مگر ہم نے دشمن کو اپنے مقصد میں کامیابی سے روک دیا، یہاں تک کہ دشمن کو جنگ بندی کا مطالبہ کرنا پڑا۔