کراچی کی مقامی عدالت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف درخواست دائر

پیر 30 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی قوانین و جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اورایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں دائر کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں ایران اسرائیل جنگ کا دوبارہ امکان نہیں، تہران سے اگلے ہفتے معاہدہ ہو سکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے درخواست سماعت کے لیے ایڈیشنل سیشن عدالت منتقل کردی، ایڈیشنل سیشن عدالت نے درخواست پر اختیارات اور حدود سے متعلق دلائل طلب کرلیے ہیں، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔

درخواست وکیل جمشید علی خواجہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او ڈاکس کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ درخواست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں، عالمی قوانین اور جنیوا کنونشنز کی خلاف ورزیوں پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شکایت کی گئیں اور کراچی پولیس کے مختلف اعلیٰ افسران کو شکایتی درخواستیں دی گئیں مگر درخواست پر نہ تو ایف آئی آر درج کی گئی اور نہ ہی بیان ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں امریکی شہریت اب صرف پیدائش سے نہیں ملے گی، سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں فیصلہ دیدیا

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے ناصرف عالمی امن کو خطرے میں ڈالا گیا بلکہ کروڑوں مسلمانوں اور ہزاروں وکلا کو جسمانی، ذہنی و مالی نقصان پہنچا، عدالت سے درخواست ہے کہ پولیس کو سیکشن 154 سی آر پی سی کے تحت بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ اندراج کا حکم دیا جائے، عدالت نے درخواست کی مزید سماعت جولائی تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp