موت سے چند لمحے قبل شیفالی کی شوہر سے کیا گفتگو ہوئی؟

منگل 1 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکارہ و ماڈل شیفالی جریوالا کی اچانک موت ان کے مداحوں کے لیے ایک صدمہ بن گئی۔ ان کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بلڈ پریشر میں اچانک کمی اور اس کے بعد دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کا انتقال ہو سکتا ہے۔

شیفالی کے قریبی ذرائع کے مطابق اسی رات انہوں نے اینٹی ایجنگ انجیکشن بھی لیا تھا، تاہم اس انجیکشن کا اس واقعے میں کیا کردار تھا اس کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

شیفالی کی قریبی دوست اور اداکارہ پوجا نے ایک انٹرویو کے دوران شیفالی کے آخری لمحات کے بارے میں بتایا ہے اور یہ بھی کہ اُن کے شوہر پراگ تیاگی سے ان کی آخری گفتگو کیا ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ شیفالی جریوالا کو دل کا دورہ کیوں پڑا؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

پوجا نے بتایا کہ رات کے کھانے کے بعد شیفالی نے اپنے شوہر سے کہا کہ وہ اُن کے کتے کو چہل قدمی کے لیے لے جائیں۔ جیسے ہی پراگ نیچے گئے، گھریلو ملازمہ کی طرف سے کال آئی، جس میں کہا گیا کہ شیفالی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔

 پوجا نے کہا اصل میں کیا ہوا، وہ پوسٹ مارٹم کے بعد پتہ چلے گا لیکن پراگ نیچے گراؤنڈ فلور پر کھڑے رہے تاکہ ملازمہ نیچے آ کر کتے کو لے جائے اور وہ اوپر جا سکیں۔ پھر جیسے ہی ملازمہ نیچے آئیں وہ فوراً واپس اوپر گئے۔ جب وہ فلیٹ میں پہنچے تو شیفالی کو بے ہوش پایا۔

پوجا نے مزید بتایا کہ پراگ نے انہیں بتایا تھا کہ اُس وقت شیفالی کی نبض چل رہی تھی، لیکن اُس کی آنکھیں نہیں کھل رہی تھیں اور اُس کا جسم جیسے مردہ ہو گیا تھا۔ اُسی وقت پراگ کو اندازہ ہو گیا کہ معاملہ سنگین ہے۔ وہ فوراً شیفالی کو اسپتال لے گئے لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کانٹا لگا‘ سے شہرت پانےو الی شیفالی جریوالا انتقال کر گئیں، موت کی وجہ کیا بنی؟

جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا شیفالی اینٹی ایجنگ ڈرپ لے رہی تھیں، تو پوجا نے وضاحت کی انہوں نے وٹامن سی کی آئی وی ڈرپ لگائی تھی لیکن یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے، یہ ڈرپس آج کل سب ہی لیتے ہیں۔ کووِڈ کے بعد لوگ باقاعدگی سے وٹامن سی لینا شروع ہو گئے ہیں۔ کچھ لوگ گولی لے لیتے ہیں اور کچھ لوگ آئی وی ڈرپ کے ذریعے لیتے ہیں اور شفالی نے اسے ڈرپ کے ذریعے لیا تھا۔

میزبان نے پوجا سے سوال کیا کہ کیا شیفالی نے اپنی موت سے صرف چند گھنٹے پہلے آئی وی ڈرپ لی تھی تو اداکارہ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں یقین نہیں ہے، لیکن جب میں وہاں کھڑی تھی تو پولیس نے اُس آدمی کو بلایا جس نے ڈرِپ دی تھی تاکہ یہ جان سکیں کہ وہ کون سی دوا لے رہی تھی، اور تب ہی یہ بات سامنے آئی کہ شیفالی نے اسی دن آئی وی ڈرپ لگائی تھی۔

واضح رہے کہ شیفالی کی آخری رسومات 28 جون کو اوشیوارہ ہندو شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں، جن میں اُن کے اہلِ خانہ اور فلم انڈسٹری کے قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp