آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون نے ’سانگ ماسٹر‘ کا کردار ایلکس کیری کے سپرد کردیا

منگل 1 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلوی آف اسپنر نیتھن لیون نے قومی کرکٹ ٹیم کے ’سانگ ماسٹر‘ کا علامتی کردار باضابطہ طور پر ایلکس کیری کے سپرد کردیا ہے، تاہم انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھنے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آف اسپنر نیتھن لیون نے قومی کرکٹ ٹیم کے ’سانگ ماسٹر‘ کا علامتی کردار باضابطہ طور پر ایلکس کیری کے سپرد کردیا ہے یوں ان کے 12 سالہ دور کا اختتام ہوا ہے، تاہم نیتھن لیون اپنی بین الاقوامی کرکٹ جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی کرکٹر اسٹورٹ میک گل کوکین ڈرگ کیس میں قصور وار ثابت

یہ رسمی تبدیلی بارباڈوس میں آسٹریلیا کے جاری دورے کے دوران ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر ہوئی، جب نیتھن لیون نے کیری کے ہوٹل کے کمرے میں ایک ہاتھ سے لکھا گیا نوٹ چھوڑا۔ لیون کو 2013 میں مائیک ہسی نے یہ ذمے داری سونپی تھی، اور وہ 67 ٹیسٹ فتوحات کے بعد ٹیم کا جشن منانے والا ترانہ گاتے رہے۔

نیتھن لیون کا کہنا ہے کہ ’یہ میرے کیریئر کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک رہا ہے۔ میں نے اس ذمہ داری کو ہمیشہ سنجیدگی سے لیا، مگر اب وقت ہے کہ کوئی اور اسے آگے لے کر چلے۔‘

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے بنائے پنک بال کرکٹ میں نئے ریکارڈ

انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ریٹائرمنٹ کا اشارہ نہیں، بلکہ وہ اب بھی کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔ 36 سالہ لیون کی نگاہیں آسٹریلوی ٹیم کی جیت پر مرکوز ہیں، جن میں بھارت اور انگلینڈ میں سیریز جیتنا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں واپسی شامل ہے۔

ایلکس کیری، جو 2023 کی ایشیز سیریز میں لیون کے زخمی ہونے پر عارضی طور پر یہ کردار نبھا چکے ہیں، اب مستقل طور پر اس روایت کے امین بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلوی کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں کیوں اترے؟

اس حوالے سے نیتھن لیون کا کہنا ہے کہ’میں ایلکس کے میدان کے اندر اور باہر رویے کی قدر کرتا ہوں۔ مجھے لگا یہ صحیح وقت اور صحیح شخص ہے۔‘انہوں نے کہا ’یہ صرف ایک گانا نہیں ہے۔ یہ اتحاد، قربانی اور ہر اُس چیز کی علامت ہے جس کے لیے ہم بطور ٹیم لڑتے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp