ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے 5 جولائی 2025 تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خاص طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ لاحق ہے۔
واسا (واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی) راولپنڈی کے مطابق گزشتہ روز کی بارشوں میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 15.5 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی خطرے کی حد 28 فٹ ہے، جس کے بعد اوور فلو کا امکان پیدا ہوتا ہے۔
واسا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن عمر فاروق نے وی نیوز کو بتایا کہ بارش کا زیادہ اثر گوالمنڈی کے اطراف علاقوں پر ہے، کیونکہ یہ نالہ لئی کا سب سے نچلا حصہ ہے۔ اگر شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو آریا محلہ، جاوید کالونی، ملت کالونی، صادق آباد، ڈھوک کھبہ، اور ندیم کالونی کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نالہ لئی کی مکمل صفائی 30 جون تک مکمل کر لی گئی ہے، اور کٹاریاں کے مقام پر چونکہ نالہ کافی بلند ہے، اس لیے وہاں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔
مزید پڑھیں: آج سے 5 جولائی تک شدید بارشیں متوقع، این ڈی ایم اے نے سیلابی خطرات سے خبردار کردیا
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، پشاور، مظفرآباد، کوئٹہ اور کراچی سمیت متعدد شہروں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں (مری، گلیات، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا) میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی ہدایت پر مون سون سیزن کے دوران دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ادھر این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ:
* غیر ضروری سفر سے گریز کریں
* ندی نالوں کے قریب نہ جائیں
* نکاسی آب کے نظام کو صاف رکھیں
* مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں
* برقی آلات اور کرنٹ کے خطرے سے احتیاط کریں
اداروں نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی بھرنے، کرنٹ لگنے اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے جیسے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔