سعودی عرب میں مقیم معذور بچوں کی دیکھ بھال کے لیے پاکستانی سفارتخانے اور سعودی ادارے چلڈرن ود ڈس ایبلٹز ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے مطابق پاکستانی بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: معذور خواتین اور لڑکیاں آن لائن ہراسانی کا زیادہ نشانہ
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم معذور بچوں کے درینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق کی جانب سے چلڈرن ود ڈس ایبلٹز ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ ملاقات کے بعد معاہدہ طے پایا۔
معاہدے کے مطابق چلڈرن ود ڈس ایبلٹز ایسوسی ایشن سعودی عرب میں مقیم معذور بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم وتربیت کو یقینی بنائے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ وہ سعودی حکومت کے مشکور ہیں، جنہوں نے ہمارے مطالبے کو پورا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معذور افراد کو مفت پک اینڈ ڈراپ سروس دینے والا رکشہ ڈرائیور
انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے پاکستانی معذور بچوں کے والدین کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا گیا ہے جس کے ذریعے معذور پاکستانی بچے ایک بہتر ماحول میں پرورش پاسکیں گے۔