سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس وقت اُن کی کسی بھی سیاسی جماعت سے ملاقات یا شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق، چوہدری نثار نے تاحال اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم وہ آئندہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کے ذریعے اپنا موقف واضح کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چوہدری نثار کی نواز شریف کے خلاف پرانی ویڈیو وائرل
قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت سے رابطے میں نہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے کسی جماعت میں شمولیت کے لیے کوئی پیش رفت کی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار اپنی آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی اور لائحہ عمل پر غور کر رہے ہیں، اور وہ مناسب وقت پر قوم کو آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ چوہدری نثار طویل عرصے سے سیاسی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، تاہم حالیہ سیاسی سرگرمیوں میں ان کا ممکنہ کردار ایک بار پھر زیر بحث آ گیا ہے۔
طویل عرصے سے سیاسی منظرنامے سے غائب رہنے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ہے جس کے بعد سیاسی قیاس آرائیوں نے جنم لیا کہ شاید چوہدری نثار کو دوبارہ مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار سے اہم ملاقات، سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال
اس موقع پر وزیراعظم نے ہنستے ہوئے کہا ’چوہدری صاحب! آپ تو ہمیں بھول ہی گئے ہیں‘، جس پر چوہدری نثار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، نہیں میاں صاحب! بس طبیعت کچھ عرصے سے ناساز رہی ہے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چوہدری نثار کو مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت دی جائے گی، تاہم حتمی فیصلہ چوہدری نثار علی خود کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلے سے ٹیلیفونک رابطے بھی موجود ہیں۔