آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات: دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے ملاقات کی ہے۔ علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے سی پیک منصوبے کے لیے مکمل حمایت کی یقین دھانی کرائی۔ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے سی پیک پر ہوئی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے ملاقات کی۔ جس کے دوران علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران چین پاکستان اسٹریٹجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اہم جزو چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کے لیے بھی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔ چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

چن گانگ نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں شخصیات نے خطے میں سیکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں چین کے کردار کو سراہا کیا۔

دونوں جانب سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات اس مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی کہ دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے افغان وزیر خارجہ کی ملاقات

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، بارڈر منیجمنٹ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لیے میکنزم بہتر بنانے پر گفتگو کی گئی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور  انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانا ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے افغان عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا۔ امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان عبوری حکومت کی جانب سے مکمل حمایت اور عزم کی ضرورت کا اعادہ کیا اور مستحکم، پُر امن اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور افغانستان میں امن اور ترقی میں پاکستان کی سہولت کاری کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے رابطے برقرار  رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp