تنخواہوں میں اضافے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی سخت تنقید کے پس منظر میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایک خط کے ذریعے متنازعہ تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کو سونپ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے خط میں لکھا کہ ان کا تنخواہ میں اضافے سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی انہیں اس میں دلچسپی ہے۔ ’تنخواہوں میں اضافہ کرنا وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کا اختیار ہے، میری تنخواہ نہ بڑھائی جائے، میرا کوئی مطالبہ نہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں:’ اپنی تنخواہ 21 لاکھ کر لی‘ خواجہ محمد آصف کی اسپیکر قومی اسمبلی پر کڑی تنقید
اگرچہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا نام براہ راست ذکر نہیں کیا گیا، لیکن اسپیکر نے ان کے بیان کے تناظر میں ہی اپنا مؤقف پیش کیا، رپورٹس کے مطابق اب وزیراعظم شہباز شریف اس معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ جون میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کو ’مالی فضول خرچی‘ قرار دیتے ہوئے شدید مخالفت کی تھی۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے اس غیر معمولی اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حد سے زیادہ اخراجات کے زمرے میں آتا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر اور ڈپٹی چیئرمین کی تنخواہوں و مراعات میں ‘پرتعیش’ اضافہ بھی مالی فضول خرچی ہے۔
مزید پڑھیں:اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر وزیر اعظم کا نوٹس، کیا اضافہ برقرار رہے گا؟
خواجہ آصف نے مزید کہا تھا کہ عوام کی زندگی کے حالات کو مدِنظر رکھنا ضروری ہے، قوم کی عزت اور وقار کا دار و مدار عوام کی خوشحالی پر ہے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔














