وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ہنگامی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کی مشترکہ ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں، جنہوں نے اہم شاہراہوں، نالیوں اور انڈرپاسز کی صفائی اور پانی کی نکاسی کا عمل بھاری مشینری کی مدد سے شروع کر دیا ہے۔ گرنے والے درختوں اور ملبے کو فوری طور پر اٹھایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رکھی جا سکے۔
مزید پڑھیں: جڑواں شہروں سمیت دیگر شہروں موسلادھار بارش، کئی مقامات پر تباہی، مزید بارشوں کی پیشگوئی
تمام کارروائیوں کی نگرانی چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا خود کر رہے ہیں۔ شہریوں نے فوری ردعمل اور بروقت اقدامات پر حکام اور اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی سسٹم بھی فعال کر دیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر بارش کے دوران اور بعد میں سڑکوں کی صفائی اور مرمت کا عمل جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کی حفاظت اور سہولت اولین ترجیح ہے، اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔













