وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے بے دریغ مذہب کارڈ استعمال کیا جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود اس کے قبیلے میں مردان کا واقعہ اسی ‘مذہبی ٹچ’ کا شاخسانہ ہے۔
احسن اقبال نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان اور اس کے مقامی راہنماؤں نے میرے خلاف بھی بھرپور مذہبی کارڈ کھیلا جس کا نتیجہ مجھ پہ قاتلانہ حملے کی صورت میں نکلا۔
عمران نیازی نے جس ڈھٹائی اور بے دریغ سے مذہب کارڈ استعمال کیا اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ خود اس کے قبیلے میں مردان کا واقعہ اسی “مذہبی ٹچ” کا شاخسانہ ہے۔ عمران نیازی اور اس کے مقامی راہنماؤں نے میرے خلاف بھی بھرپور مذہبی کارڈ کھیلا جس کا نتیجہ مجھ پہ قاتلانہ حملہ نکلا۔ عمران…
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) May 7, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے معیشت اور سیاست تو تباہ کی، معاشرت بھی جنونیت اور عدم برداشت کا شکار کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان: پی ٹی آئی کی ریلی میں مبینہ طور پر گستاخانہ تقریر پر ایک شخص قتل
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے علاقے مردان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں مبینہ طور پر گستاخانہ تقریر کرنے پر ایک شخص کو تشدد کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مردان نجیب الرحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے وی نیوز کو بتایا کہ واقعہ تحصیل کاٹلنگ کے علاقے ساولڈھیرو میں پیش آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاجی ریلی تھی جس میں کافی بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔
نجیب الرحمان کا کہنا تھا کہ جلسے کے دوران مقامی مولوی جو عامل بھی تھا نے بھی تقریر کی اور اس دوران تحریک انصاف کے مقامی رہنما کی تعریف کی۔