شہدا کے خون کا قرض پوری قوم پر ہے، وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت

پیر 7 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلح افواجِ پاکستان نے کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کے 26ویں یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانی کو قوم کا قابلِ فخر اثاثہ قرار دیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ دے کر بہادری، شجاعت اور فرض شناسی کی ایسی مثال قائم کی جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کا لہو ہم پر قرض ہے، پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ افواجِ پاکستان کے شہدا اور ان کے اہل خانہ ہم سب کا فخر ہیں۔ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں: معرکہ کارگل کے ہیرو حوالدار لالک جان کا 24 واں یوم شہادت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور مسلح افواج نے بھی حوالدار لالک جان شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مئی 1999 میں دشمن بھارت کی جارحیت کے خلاف حوالدار لالک جان نے اگلے محاذ پر رضاکارانہ طور پر خدمات پیش کیں۔ مٹھی بھر ساتھیوں کے ساتھ نہ صرف پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے کئی حملے پسپا کرکے اسے بھاری نقصان بھی پہنچایا۔

7 جولائی کو دشمن نے ان کی پوسٹ پر شدید گولہ باری کی اور رات کو 3 اطراف سے حملہ کیا، جس میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہو گئے۔ شدید زخموں کے باوجود وہ محاذ سے پیچھے نہ ہٹے اور آخری دم تک لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں: نشانِ حیدر پانیوالے میجر شبیر شریف شہید کا53واں یومِ شہادت

آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن کی کئی تحریروں میں اس بات کا اعتراف موجود ہے کہ یہ کسی بھی محاذ پر آخری سپاہی تک دفاع کی اعلیٰ ترین مثال تھی۔

آج ملک بھر میں حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر قرآن خوانی، دعاؤں اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام نے ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں، شہدا کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

شہید حوالدار لالک جان کا نام پاکستانی تاریخ میں جرأت، قربانی اور وطن پرستی کی سنہری علامت بن چکا ہے، جو ہمیشہ نئی نسلوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp