بھارت کے مشہور میزبان اور مزاحیہ اداکار کپل شرما حال ہی میں اپنے مقبول شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے سیزن 3 کے ساتھ واپس آئے ہیں۔ شو کی پہلی قسط ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے جس میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے شرکت کی لیکن کپل شرما مہمان سے زیادہ اپنے بھاری معاوضے کے باعث خبروں میں ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما ہر قسط کے لیے تقریباً 5 کروڑ روپے معاوضہ لیتے ہیں۔ اور انہوں نے سیزن 1 سے یہی فیس برقرار رکھی ہوئی ہے، جہاں انہوں نے 13 قسطوں کے سیزن کے لیے تقریباً 65 کروڑ روپے کمائے تھے۔
رپورٹس میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ کپل شرما نے سیزن 2 میں بھی اتنی ہی فیس حاصل کی، اور سیزن 3 میں بھی یہی رقم ملنے کی امید ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ اس سیریز سے کل 195 کروڑ روپے کما لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما شو میں کام کرنے والے فنکاروں کے پاس کتنی دولت ہے؟
دی گریٹ انڈین کپل شو سیزن 3 کا آغاز 21 جون سے ہوا، اور اس سیزن میں نوجوت سنگھ سدھو کی واپسی بھی دیکھنے کو ملی، جو ارچنا پورن سنگھ کے ساتھ ججز کی نشست پر بیٹھے۔ پہلی قسط میں کپل شرما نے مزاحیہ انداز میں نوجوت سنگھ سدھو کے بھاری معاوضے پر بات کی اور کہا کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اتنا بجٹ دیا کہ سدھو کو افورڈ کر سکیں۔
دی گریٹ انڈین کپل شو میں کپل کے ساتھ ساتھ سنیل گروور، کرشنا ابھیشیک، راجیو ٹھاکر اور کیکو شاردا بھی شامل ہیں۔ اس سیزن میں نوجوت سنگھ سدھو کی واپسی نے شو میں مزید جان ڈال دی ہے۔
اگلی اقساط میں فلم میٹرو ان ڈاینو کی کاسٹ، بھارتی کرکٹرز ابھیشیک سنگھ، رشبھ پنت، یوزویندر چہل اور بھارتی کوچ گوتَم گمبھیر شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما نے اپنا طیارہ خریدلیا، کروڑوں کمانے والے کامیڈین کی پہلی تنخواہ کتنی تھی؟
واضح رہے کہ کپل شرما نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنی پہلی نوکری 16 برس کی عمر میں آبائی شہر امرتسر میں کی۔ جہاں انہوں نے اپنا جیب خرچ نکالنے کے لیے پہلی بار ایک پی سی او میں کام کیا اور اس وقت ان کی تنخواہ محض 500 بھارتی روپے ماہانہ تھی جبکہ انہیں دوسری نوکری ایک گارمنٹ فیکٹری میں ملی جہاں وہ ماہانہ 900 روپے لیا کرتے تھے۔
کپل نے اپنے کالج کے دنوں میں تھیٹر میں قدم رکھا اور بعد میں 2007 میں گریٹ انڈین لافٹر چیلنج سیزن 3 میں حصہ لینے کے لیے ممبئی آئے جہاں وہ فاتح بن کر ابھرے اور وہاں سے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
بعد ازاں ہندوستان میں ایک مزاحیہ اداکار کے طور پر شہرت حاصل کرنے کے بعد کپل شرما نے 2013 میں اپنے ٹی وی شو کامیڈی نائٹس ود کپل کی میزبانی شروع کی۔ 2016 میں اس شو کا نام دی کپل شرما شو رکھا گیا۔ اس کے ساتھ وہ ٹیلی ویژن کے سب سے کامیاب اور امیر ترین ستاروں میں سے ایک بن گئے۔














