آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری خصوصی انفورسمنٹ مہم کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی جاری ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 112 مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ 1,119 موٹر سائیکلیں اور 412 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔
مہم کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں پر 48 ڈرائیورز کو جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق لین خلاف ورزی پر 845، بغیر لائسنس کے 76، ٹرپل سواری پر 11 جبکہ 23 کم عمر ڈرائیورز کو بھی بھاری جرمانے کیے گئے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کی شہری سے بدتمیزی: ‘تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ لیا کریں’
علاوہ ازیں، مخالف سمت میں گاڑی چلانے پر 923، بغیر ہیلمٹ کے 1,007، اور غیر قانونی پارکنگ پر 2,766 افراد کو چالان کیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ یقینی بنائیں کوئی بھی شخص بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے سڑک پر نہ آئے۔
سی ٹی او اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ دارالحکومت میں محفوظ اور منظم ٹریفک نظام قائم رکھا جا سکے۔