عمران خان 10 سے 14 مئی تک کِن کِن شہروں میں جلسے کریں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 10 مئی بروز بدھ سے اپنے جلسوں کا آغاز کریں گے۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق عمران خان بدھ کو مریدکے میں جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ جمعرات کو گکھڑ اور جمعتہ المبارک کو لالہ موسیٰ جائیں گے۔

سابق وزیراعظم ہفتے کے روز گوجر خان میں عوام سے خطاب کریں گے جبکہ 14 مئی بروز اتوار کو اٹک میں جلسہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کے لیے حکمران اتحاد کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد عمران خان نے مطالبہ کیا تھا کہ پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرائے جائیں۔

عمران خان نے اتوار کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ اب جو تحریک شروع ہو گی وہ پکڑ دھکڑ سے نہیں رُکے گی۔ ہم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ اتوار کے روز ہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ اگر 90 روز میں انتخابات کرانا آئینی ضرورت ہے تو ہم اس پر عملدرآمد کرائیں گے۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کی سینیئر رہنما یاسمین راشد نے امید ظاہر کی ہے کہ پیر کے روز انتخابات کے حوالے سے تاریخ کا اعلان ہو جائے گا۔

دوسری جانب حکومت اس بات پر بضد ہے کہ قومی اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرائے جائیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ اب کی بار پارلیمنٹ ہتھیار نہیں ڈالے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp