کراچی میں ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق لاش کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ لاش گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹی کی لاش لینے نہیں آؤں گا، حمیرا اصغر کے والد نے ایسا کیوں کہا؟
ڈاکٹر سمیعہ کا کہنا تھا کہ لاش کی حالت ایسی نہیں کہ فوری طور پر موت کی وجہ معلوم کی جا سکے، اس لیے ڈی این اے اور کیمیکل تجزیے کے لیے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق ان نمونوں کی جانچ کے بعد موت کی وجوہات سامنے آئیں گی، فی الحال اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ڈیفنس میں ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی تھی۔
حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا، لیکن وہ کراچی میں رہائش پذیر تھیں۔ انہوں نے یہ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا تھا۔ تاہم 2024 سے کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رکھی تھی۔
عدالتی حکم پر جب پولیس فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ بند تھا، جس پر دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا، جہاں اداکارہ کی لاش موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں: باپ کا لاش لینے سے انکار مگر حمیرا اصغر نے اپنے والد سے متعلق آخری انٹرویو میں کیا کہا تھا؟
واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ کو سیل کردیا، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔