ہمارے ہاں درجنوں انسان گھنٹوں تک مدد کے لیے پکار پکار کر پانی میں ڈوب کر دم توڑدیتے ہیں اور بہتوں کی تو لاشیں تک نہیں ملتیں لیکن دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں ایک جانور تک کو ڈوب کر مرنے نہیں دیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں: سوات میں المناک واقعہ، 17 افراد دریا میں بہہ گئے، 9 نعشیں نکال لی گئیں
کسی جاندار کی جان کی قدر کا یہ مظاہرہ حال ہی میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر فلیگلے بیچ پر دیکھا گیا جہاں سمندر میں ڈوبتے ایک ہرن کو بظاہر ریسکیو حکام یا کسی اور سے ایسی کوئی امید بھی نہیں تھی اور اس نے کسی کو بلانے کے لیے دہائیاں بھی نہیں دیں لیکن پھر بھی اس کو بخوبی بچا لیا گیا۔
لائف گارڈز نے بحر اٹلانٹک میں ایک سفید دم والے ہرن کو بچایا جو شدید طوفانی بارش کے دوران سمندر کی لہروں میں پھنس چکا تھا اور ان سے نکلنے کی تگ و دو کر رہا تھا۔
مزید پڑھیے: 5 دوستوں کے بعد 17 سیاح بھی ڈوب گئے، خیبر پختونخوا حکومت ان حادثات کو روکنے میں ناکام کیوں؟
اتوار کے روز فلیگلے بیچ کے سینیئر لائف گارڈ چیس ہنٹر اور ابتدائی سال کے لائف گارڈ لیو پیٹرز نے سمندر میں پھنسے اس ہرن کو دیکھ کر فوراً پانی میں چھلانگ لگائی۔ چیس ہنٹر نے اس ہرن کو ریسکیو بورڈ پر کھینچ لیا اور ان کی مدد سے ایک فائر فائٹر نے ہرن کو محفوظ طریقے سے ساحل تک پہنچادیا۔
چیس ہنٹر نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بس ہرن کو جتنا ہو سکے پکڑ کر رکھے ہوئے تھا، وہ لڑ رہا تھا، وہ بہت بھاری بھی تھا جس کی وجہ سے میں تھک چکا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیکن میں نے پکا ارادہ کیا ہوا تھا کہ ہم اس ہرن کو کسی بھی طرح ساحل تک پہنچا کر ہی رہیں گے۔
مزید پڑھیں: سانحہ سوات کا ذمے دار کون؟
خوش قسمتی سے ہرن کو ساحل پر واپس لانے کے بعد وہ خود چلنے کے قابل ہو گیا اور اسے ساحل کے قریب جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔