مئی کے مہینے میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ویرات کوہلی کا پہلا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
لندن میں سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کی جانب سے ‘یو وی کین فاؤنڈیشن’ کے لیے منعقدہ فنڈریزنگ ایونٹ کے دوران ویرات کوہلی نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر کھل کر بات کی۔ اس ایونٹ میں بھارتی ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں سمیت دنیا بھر کے معروف کرکٹرز نے شرکت کی جن میں یوراج سنگھ، روی شاستری، کیون پیٹرسن، کرس گیل اور ڈیرن گوف شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیے: ‘میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا‘، ویرات کوہلی نے ریٹائرمنٹ سے متعلق کیا کہا؟
اس موقع پر ویرات کوہلی نے کہا کہ میں نے 2 دن پہلے داڑھی رنگی تھی۔ اگر ہر 4 دن بعد داڑھی رنگنی پڑے تو سمجھ لو کہ وقت آ گیا ہے۔
انسٹاگرام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 12 مئی کو انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اس فارمیٹ کو چھوڑنا آسان نہیں، لیکن صحیح لگ رہا ہے۔ میں نے اپنا سب کچھ دیا اور اس کھیل نے مجھے اس سے کہیں زیادہ واپس دیا۔ میں شکرگزاری کے جذبے کے ساتھ رخصت ہو رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کیریئر
ویرات کوہلی نے 123 ٹیسٹ میچز کھیلے، 210 اننگز میں 9,230 رنز بنائے، اوسط 46.85 اور اسٹرائیک ریٹ 55.58 رہا۔ انہوں نے 30 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں اسکور کیں، جن میں 7 ڈبل سنچریاں شامل ہیں – جو کسی بھی بھارتی بیٹر کی سب سے زیادہ ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 254 رنز رہا۔ کوہلی نے اپنے کیریئر میں 1,027 چوکے اور 30 چھکے بھی لگائے۔ وہ بھارت کی آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیت (2018–19) کے کپتان بھی رہے۔