اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی لاش اہلخانہ کی جانب سے وصول نہ کیے جانے پر سندھ کے محکمہ ثقافت نے ان کی تدفین کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا ہے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ والدین راضی ہوں اور لاش وصول کریں۔ ورثا اگر لاش وصول کر کے تدفین نہیں کرتے تو محکمہ ثقافت ان کا وارث ہو گا۔
سندھ کے محکمہ ثقافت نے ڈی آئی جی جنوبی کے نام جاری نوٹیفیکیشن میں درخواست کی ہے کہ قانونی ضوابط مکمل کرنے کے بعد لاش محکمہ ثقافت کے حوالے کی جائے تاکہ تدفین کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: باپ کا لاش لینے سے انکار مگر حمیرا اصغر نے اپنے والد سے متعلق آخری انٹرویو میں کیا کہا تھا؟
نوٹیفکیشن میں وزیرِ ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے ورثا کی جانب سے لاش وصول نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم حمیرا اصغر لاوارث نہیں سندھ حکومت محکمہ ثقافت وارث ہے۔ نوٹیفیکیشن میں محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل منور ماشر کو باضابطہ کارروائی مکمل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے گزشتہ روز بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کے بعد اداکارہ سونیا حسین سمیت کئی افراد نے ان کی تدفین کی ذمہ داری اٹھانے کی اجازت مانگی تھی۔