وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی ماسکو میں روسی نائب وزیر توانائی سے اہم ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ، سفیر سید طارق فاطمی نے روسی فیڈریشن کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران روس کے فرسٹ ڈپٹی وزیر توانائی پاویل سوروکن سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: طارق فاطمی کی روس میں مزید اہم ملاقاتیں، بھارتی شرانگیزیوں پر پاکستان کا کیس احسن طور پر پیش

ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کے شعبے میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ طارق فاطمی نے توانائی کے میدان میں روس کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں یہ تعلق مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے روسی تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا ایک اہم اور ترجیحی میدان بن چکا ہے، جہاں حکومتی اور نجی سطح پر شراکت داری کو فروغ مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طارق فاطمی کی روسی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات، وزیراعظم کا خط بھی پہنچایا

روسی فرسٹ ڈپٹی وزیر توانائی پاویل سوروکن نے فروری میں اپنے دورہ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے پن بجلی، ایل پی جی اور آئل ریفائنریوں کی جدید کاری جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات کی نشاندہی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ روس، توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک کا خواہاں ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے دسویں اجلاس میں توانائی کے معاملات ایجنڈے کا اہم حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، فلسطین جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے، طارق فاطمی

ملاقات کو دونوں جانب سے انتہائی سودمند قرار دیا گیا، جہاں توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp