امریکا کی معروف چپ ڈیزائنر کمپنی نویڈیا (Nvidia) نے 4 کھرب ڈالرز کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرکے یہ سنگ میل عبور کرنے والی دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔
بدھ کے روز کمپنی کے حصص میں 2.5 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اسٹاک کی قیمت 164 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مصنوعی ذہانت کی چپ بنانے والی کمپنی اینویڈیا کی فروخت دگنی سے بھی زائد
نویڈیا نے جون 2023 میں پہلی بار ایک کھرب ڈالر کی مالیت حاصل کی تھی، اور صرف ایک سال کے اندر اس نے اپنی قدر 3 گنا بڑھا لی جو ایپل اور مائیکروسافٹ جیسی کمپنیوں سے بھی زیادہ تیزی سے ہوئی پیش رفت ہے۔
ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں نویڈیا کا حصہ سب سے زیادہ 7.3 فیصد ہے جبکہ مائیکروسافٹ اور ایپل کا حصہ بالترتیب 6 اور 7 فیصد کے قریب ہے۔
یہ بھی پڑھیے: چینی ڈیپ سیک کیا ہے اور اس نے کیسے امریکی اسٹاک مارکیٹ کو بٹھادیا؟
ایل ایس ای جی ڈیٹا کے مطابق انویڈیا کی مالیت اب کینیڈا اور میکسیکو کی تمام اسٹاک مارکیٹس کی مجموعی مالیت سے بھی زیادہ ہے اور یہ برطانیہ کی تمام عوامی سطح پر درج کمپنیوں کی کل مالیت سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
مائیکروسافٹ اس وقت امریکا کی دوسری بڑی کمپنی ہے، جس کی مارکیٹ ویلیو 3.75 کھرب ڈالر ہے۔ مائیکروسافٹ کے حصص بھی 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 503 ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔