پاکستان علما کونسل نے حمیرا اصغر کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ماضی کے تنازعات بھلا کر اپنی بچی کی لاش وصول کریں۔
پاکستان علما کونسل نے مرکزی چیئرمین مولانا طاہر اشرفی کی سربراہی میں گزشتہ دنوں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین اور خاندان سے اپیل کی ہے کہ وہ ماضی کو درگزر کرکے اپنی بچی کی لاش کو اسلامی طریقے سے دفن کریں۔
یہ بھی پڑھیے: حمیرا اصغر لاوارث نہیں، وزیر ثقافت سندھ کا تدفین کرانے کا فیصلہ
مولانا طاہر اشرفی نے سندھ کے صوبائی وزیر برائے ثقافت سید ذولفقار علی سے بھی رابطہ کیا اور ان کی طرف سے اداکارہ کی تدفین کے اعلان کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علما کونسل اس حوالے سے کسی بھی قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے گزشتہ روز بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کے بعد اداکارہ سونیا حسین سمیت کئی افراد نے ان کی تدفین کی ذمہ داری اٹھانے کی اجازت مانگی تھی۔