حمیرا اصغر کے ورثا میت لاہور لے جانا چاہتے ہیں، پولیس

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور سے تعلق رکھنے والے اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر کراچی پہنچ گئے ہیں تاکہ وہ مرحومہ ہمشیرہ کی میت وصول کر کے اسے آبائی شہر منتقل کر سکیں۔

ڈی آئی جی جنوبی کراچی سید اسد رضا کے مطابق، نوید اصغر نے کراچی پہنچ کر ایس ایس پی ساؤتھ محظور علی اور تھانہ گزری کے ایس ایچ او فاروق احمد سنجرانی سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی بہن کی میت کو لاہور لے جانا چاہتے ہیں تاکہ اسے وہیں سپرد خاک کیا جا سکے، ڈی آئی جی نے تصدیق کی کہ پولیس میت کو بھائی کے حوالے کر دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہرت کی دھند میں چھپی لاش،’ 9 ماہ تک کسی نے دروازہ تک نہ کھٹکھٹایا‘

تحقیقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر کی موت کی وجہ جاننے کے لیے ہسٹاپیتھولوجیکل اور کیمیائی تجزیوں کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اگر کسی مجرمانہ پہلو کی تصدیق ہوئی تو مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس دوران، مرحومہ کی ایک مبینہ دوست کی جانب سے سوشل میڈیا پر دی گئی معلومات پر بھی پولیس نے توجہ دی ہے، تاہم ڈی آئی جی کے مطابق اس خاتون سے رابطے کی تمام کوششیں ناکام رہیں کیونکہ اس کا فون مسلسل بند جا رہا ہے اور کسی نے اب تک پولیس سے براہ راست رابطہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل حمیرا اصغر کا انتقال کب اور کیسے ہوا؟ پولیس کا اہم بیان سامنے آگیا

واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی ماہ پرانی لاش چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز VI میں ایک فلیٹ سے ملی تھی۔ پولیس کو یہ لاش اُس وقت ملی جب عدالتی حکم پر مکان مالک کی شکایت پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے پولیس پہنچی، مگر فلیٹ کا دروازہ کھولنے پر کوئی جواب نہ ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر لاش دریافت ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاش شدید حد تک گل چکی تھی اور اس قدر مسخ ہو چکی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ کا تعین ممکن نہیں تھا۔ تاہم، تفتیشی عمل بدستور جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp