حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کی سالانہ تطہیر کے روح پرور اور تقدس سے لبریز عمل کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جو خوشبو، روحانیت اور شوقِ عبادت سے معمور 3 مراحل پر مشتمل ہے۔
اس مبارک عمل کا پہلا مرحلہ تیاری پر مشتمل ہوتا ہے جس میں 20 لیٹر آب زمزم کو 80 ملی لیٹر خالص عود کے تیل کے ساتھ آمیزش دے کر ایک خوشبودار محلول تیار کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خانہ کعبہ کی تاریخ کو واضح کرتے 13 حصے کون سے ہیں؟
دوسرا مرحلہ غسل کہلاتا ہے جس میں خانہ کعبہ کو 540 ملی لیٹر طائف شہر کے گلاب کے پانی، 11 لیٹر مخصوص خوشبو اور 3 ملی لیٹر خالص مشک سے دھویا جاتا ہے تاکہ اس مقدس مقام کی فضاؤں میں پاکیزگی اور روحانی تازگی بھر دی جائے۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں 500 ملی لیٹر گلاب کا تیل خانہ کعبہ پر لگایا جاتا ہے جبکہ 500 گرام اعلی درجے کا عود جلایا جاتا ہے جس سے پورا حرم معطر اور نورانی ماحول میں ڈھل جاتا ہے۔
ادھر خانہ کعبہ سے متعلق 2 اہم رسومات ہر سال مقررہ تواریخ پر انجام دی جاتی ہیں۔ پہلی رسم غلاف کعبہ کی تبدیلی ہے جو ہر سال 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم یعنی یوم عرفہ کے موقعے پر فجر کی نماز کے بعد انجام دی جاتی ہے۔ اور یہ اس وقت کیا جاتا ہے جب حجاج میدان عرفات کی طرف روانہ ہو چکے ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: تپتی دوپہر میں بھی خانہ کعبہ کا فرش ٹھنڈا کیوں رہتا ہے؟
دوسری رسم خانہ کعبہ کی تطہیر کا عمل ہے جو سال میں 2 بار یعنی 15 محرم الحرام اور 15 شعبان المعظم کو ادا کیا جاتا ہے
اس موقعے پر خانہ کعبہ کی دیواروں کو عطر، عود اور گلاب کے پانی سے دھویا جاتا ہے اور اس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات اور حرمین شریفین کی انتظامیہ کے اراکین شریک ہوتے ہیں جو اس فریضے کو نہایت محبت سے انجام دیتے ہیں۔