تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے معروف گلوکار اور سوشل میڈیا اسٹار عبدو روزق کو دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے 16ویں سیزن میں شرکت کرنے والے مشہور تاجک اسٹار کی پبلک ریلیشنز کمپنی نے اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
کمپنی کے مطابق عبدو روزق کو ہفتے کی صبح یورپی ملک مونٹی نیگرو سے واپسی پر دبئی ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ عبدو روزق کے خلاف کیا الزامات عائد کیے گئے ہیں، تاہم ان کی ٹیم کے ایک نمائندے نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ انہیں چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا، جبکہ دبئی حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ عبدو روزق جو بھارتی ریئلٹی شو میں شرکت کے بعد خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں، کچھ عرصے قبل ممبئی میں قیام کا ارادہ ظاہر کر چکے تھے۔
تاجک نژاد عبدو روزق کی عمر 21 سال ہے اور ان کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے، جس کی وجہ سے انہیں دنیا کا سب سے چھوٹے قد والا گلوکار بھی کہا جاتا ہے۔
بگ باس میں شرکت کے بعد عبدو روزق نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی خاصے مقبول ہو چکے ہیں۔ وہ گزشتہ چند برسوں سے دبئی میں مقیم ہیں اور ان کے پاس دبئی کا گولڈن ویزا بھی موجود ہے۔