کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ سے خاتون کی کئی روز پرانی تشدد زدہ لاش برآمد

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے قریب پلاسٹک کے ڈرم سے ایک نامعلوم خاتون کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جو تقریباً 25 روز پرانی بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون کی لاش انتہائی خراب حالت میں ملی، اور اس کے ہاتھ پاؤں رسی سے بندھے ہوئے تھے۔ ابتدائی معائنے میں خاتون کی عمر تقریباً 30 سال کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ مشتبہ افراد گاڑی میں آئے، ڈرم کو مرکزی سڑک پر پھینکا اور فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش فلیٹ سے برآمد، پڑوسی کیا کہتے ہیں؟

لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ لاش سے شدید بدبو آ رہی تھی۔ پولیس نے موت کی وجہ اور وقت کے تعین کے لیے نمونے حاصل کر کے کیمیکل تجزیے کے لیے بھیج دیے ہیں۔

تاحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملوث گاڑی کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: فلیٹ سے 4 خواتین کی تشدد زدہ اور گلا کٹی لاشیں برآمد

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سنگین جرم کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کی کوئی خاتون رشتہ دار لاپتا ہے تو وہ فوری طور پر متعلقہ تھانے سے رابطہ کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp