پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر، انڈیکس 1 لاکھ 35 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا، وزیر اعظم کی مبارکباد

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا ہے، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,091 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 35 ہزار 391 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اعشاریوں کی بدولت پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ کے ماہر جبران احمد کے مطابق، اگر جنگوں کے اثرات کو نظر انداز کیا جائے تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تسلسل کے ساتھ بہتری دیکھی جا رہی ہے اور اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ ’ یہ کہنا تو مشکل ہے کہ انڈیکس کہاں تک جائے گا، لیکن یہ اندازہ ضرور لگایا جا سکتا ہے کہ مارکیٹ میں تیزی کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ کا اصل سبب کیا ہے؟

جبران احمد کا کہنا ہے کہ  اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ کارکردگی کی کئی وجوہات ہیں، جن میں قابلِ ذکر معاشی اصلاحات اور عالمی سطح پر پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے تشخص سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ علاوہ ازیں، پاکستان اسٹاک مارکیٹ اب بھی دیگر عالمی مارکیٹس کے مقابلے میں ایک سستی اور پرکشش مارکیٹ سمجھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ماہر اسٹاک مارکیٹ شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل بلندی کی جانب گامزن ہے، حالیہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات میں آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے اپنے معاشی اصلاحاتی اقدامات کو جاری رکھا تو 2025 ملکی معیشت کے لیے ایک بہتر سال ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری حجم 26 ارب روپے سے زائد، اسٹاک مارکیٹ کا مستقبل کیا ہوگا؟

شہریار بٹ نے مزید کہا کہ ایف بی آر کو حکومت کی جانب سے دیے گئے نئے اختیارات پر تاجر برادری کو کچھ تحفظات ضرور ہیں، تاہم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان ایک مثبت سمت میں گامزن دکھائی دیتا ہے، جو بلاشبہ ملکی معیشت کے لیے ایک امید افزا اشارہ ہے۔

وزیر اعظم کا رد عمل

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 135000 پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کرنے پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے اس تاریخی سطح کو عبور کرنا کاروباری برادری کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔

’ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔‘

وزیراعظم شہبازشریف کے مطابق حالیہ مثبت معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کے عکاس ہیں، کاروباری برادری کو ملک میں کاروباردوست ماحول فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp