پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور مشہور گلوکار عاصم اظہر کی ڈیٹنگ کی افواہیں پھر سے گرم ہونے لگیں۔
ہانیہ عامر نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے چند تصاویر شیئر کیں۔ ایک تصویر میں اداکارہ کسی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہوئی تھیں۔
تصویر میں اس شخص کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا۔ لیکن ہانیہ کے گلے میں پہنا ہوا ہار صارفین کو اپنی جانب متوجہ کر گیا اور ان کا کہنا تھا کہ بالکل ایسا ہی ہار عاصم اظہر نے بھی پہن رکھا تھا۔ اور ان کی جانب سے شیئر کی گئی عید کی تصاویر میں یہ ہار بالکل واضح تھا۔
ان تصاویر کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ دونوں کے درمیان قربتیں پھر سے بڑھ رہی ہیں اور عاصم اداکارہ میرب علی سے منگنی ختم کرنے کے بعد پھر سے اپنی سابقہ گرل فرینڈ ہانیہ عامر کو ڈیٹ کر رہے ہیں لیکن ہانیہ عامر یا عاصم اظہر کی جانب سے ان افواہوں کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
اداکارہ کی جانب سےشیئر کیے گئے کولاج کی دیگر تصاویر میں سے ایک میں ان کے ساتھ ایک بچی دکھائی دی، ایک تصویر میں کسی کے ہاتھ میں پکڑا ہوا کیکڑا نظر آ رہا تھا جبکہ ایک جگہ وہ ساحلِ سمندر پر کھڑی لہروں کو دیکھ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عاصم اظہر اور میرب علی نے راہیں جدا کرلیں، گلوکار نے اپنے پیغام میں کیا کہا؟
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے دوبارہ تعلقات کی افواہوں کی شروعات 22 جون کی رات فلم ’سردارجی 3‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد ہوئی جب عاصم اظہر نے دلجیت دوسانجھ کے انسٹاگرام پر شیئر ہونے والے اس ٹریلر کو لائیک کیا جو ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جوڑی کو پسند کرنے والوں کی توجہ سمیٹ گیا۔
اس کے بعد عاصم اظہر ایک ویڈیو میں ’پیلے رنگ کی کیپ‘ پہنے نظر آئے جس کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی اسی رنگ اور برانڈ کی کیپ پہنے ایک اسٹوری انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس نے ان دونوں کی ڈیٹنگ کی افواہوں کو ہوا دی۔
یاد رہے کہ ہانیہ اور عاصم 2019 میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعلقات میں تھے۔ سوشل میڈیا پر آئے روز دونوں کی رومانوی تصاویر بھی گردش کرتی رہیں اور مداحوں نے مان لیا تھا کہ دونوں جلد ہی شادی کرنے والے ہیں لیکن 2020 میں ان کا بریک اپ ہو گیا تھا جس کے بعد عاصم نے میرب علی سے منگنی کر لی تھی جو اب ختم ہو چکی ہے۔