کراچی میں فلم کمپنی کے مالک سلمان فاروقی کے خلاف نوجوان پر تشدد کا مقدمہ ختم کردیا گیا۔
کراچی کی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی، ڈیفنس کے روبرو نوجوان پرتشدد کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ تشدد کرنے والے سلمان فاروقی کے خلاف پولیس نے مقدمہ ختم کردیا۔ گزری پولیس نے مقدمہ ختم کرنےکی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ عدالت نے پولیس کی رپورٹ ریکارڈ کا حصہ بناکر سماعت ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیے نوجوان پر تشدد کے بعد جیل کی سلاخوں تک، سلمان فاروقی کیس میں کب کیا ہوا؟
پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ نوجوان دھیرج عرف دھن راج ملزمان کےخلاف کارروائی نہیں چاہتا۔ دھیرج نے لکھ کر دیا کہ ملزم نےاس سے یا اس کی بہن سےکوئی بدتمیزی نہیں کی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مدعی کےحلفیہ بیان پر جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر الزامات ختم کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے کراچی میں نوجوان پر تشدد کرنے والا ملزم سلمان فاروقی گرفتار
واضح رہے کہ جون کے اوائل میں مقامی فلم کمپنی کے سربراہ سلمان فاروقی نے ایک نوجوان کو محض اس بات پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ نوجوان کی موٹرسائیکل اس کی گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، بعدازاں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اور سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کے خلاف گزری تھانےمیں مقدمہ درج کیا گیا۔