لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دیدی
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اب تک 51,911 نادار خاندانوں کو قرضہ فراہم کیا جاچکا ہے، جب کہ مجموعی طور پر 60 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ منصوبے کے تحت 45,178 گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ 6,160 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آ جاتی ہے، اُس دن ریاست کامیاب ہو جاتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ صرف اینٹوں اور دیواروں کا منصوبہ نہیں بلکہ نادار افراد کے لیے نئی زندگی کے آغاز کی بنیاد ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم نے روایتی سیاست کا دروازہ بند اور خدمت کا در کھول دیا ہے۔ ہر فیصلے کا پیمانہ عوام کی ترقی، تحفظ اور سہولت ہے، یہی قائد محمد نواز شریف کا وژن ہے اور میرا عہد بھی۔‘
یہ بھی پڑھیں: اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 19 ہزار افراد کو رقوم جاری ہوچکیں، ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی
مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور بے گھر افراد کے لیے عملی اقدامات ہو رہے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ ’میری دن رات کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے۔‘














