کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل: نیب خیبرپختونخوا نے اعظم سواتی کو طلب کرلیا

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے 17 جولائی کو طلب کرلیا۔

نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے اعظم سواتی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی طرف سے جمع کرائی گئی دستاویزات ناکافی ہیں۔ اسی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی امجد علی کے خلاف بھی باضابطہ انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے کہنے پر آرمی چیف سے رابطے کی کوشش کی مگر ناکامی ہوئی، اعظم سواتی کا انکشاف

نیب نے امجد علی خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 17 جولائی تک اپنے اثاثوں کی مکمل تفصیل جمع کروائیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پشاور ہائیکورٹ میں کوہستان کرپشن اسکینڈل میں ملوث ملزم محمد ایوب کی پلی بارگین درخواست پر سماعت ہوئی تھی، جس میں عدالت نے نیب کو اس معاملے پر غور کرنے کی ہدایت دی تھی۔

یہ سماعت جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی تھی۔ اس موقع پر نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد علی اور اسپیشل پراسیکیوٹر ارباب کلیم اللہ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے مؤقف اختیار کیاکہ ان کا مؤکل نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنا چاہتا ہے اور عدالت سے درخواست کی کہ نیب کو اس پر کارروائی کی ہدایت دے۔

اس پر جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت کا دائرہ اختیار نہیں، پلی بارگین نیب اور درخواست گزار کے درمیان کا معاملہ ہے، عدالت نیب کو کیسے اس پر حکم دے سکتی ہے؟ کوئی قانونی جواز پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے فیصلہ کیا ہے تو اسپیکر کے پی اسمبلی کومستعفی ہوجانا چاہیے، اعظم سواتی

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد علی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محمد ایوب پر کوہستان اسکینڈل میں 3 ارب 40 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم پہلے ایبٹ آباد ہائیکورٹ اور پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کر چکا ہے، جو دونوں عدالتوں نے مسترد کردی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp