ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور جنگ کے دنوں میں پاکستانی حمایت کو فراموش نہیں کرسکتا۔
یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی، جو تہران کے دورے پر ہیں، صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران وہ وقت کبھی نہیں بھولے گا جب جنگ کے دوران پاکستان نے اس کا بھرپور ساتھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف، ایرانی میڈیا کی تصدیق
انہوں نے زور دیا کہ صیہونی طاقتیں مسلم ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
ایرانی صدر نے ایران اور پاکستان کے درمیان موجودہ دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تعاون بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے سفارتی تبادلے اور تعمیری مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: کردار، دوستی اور بھائی چارے میں پاکستان اپنی مثال آپ ہے، ایرانی صحافی
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو جنگ میں عظیم کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی ہر فورم پر شدید مذمت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ وہ پہلی تھی جس نے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی مذمت میں قرارداد منظور کی اور ایران کے اپنے دفاع کے جائز حق کی حمایت کی۔














