سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کے لیے 12 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ایوان میں آج اسلام آباد میں پانی کی قلت سے متعلق ایک اہم رپورٹ پیش کی جائے گی، جبکہ متعدد اہم قانون سازی اور عوامی مسائل پر بھی بحث کی جائے گی۔
ایجنڈے کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
قائمہ کمیٹی داخلہ کی جانب سے حوالگی ترمیمی بل 2025 پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔
اسلام آباد شہریت ترمیمی بل اور فوجداری قوانین (ترمیمی) بل پر بھی قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہوں گی۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو کتنی نشستیں ملیں گی؟
فیڈرل بورڈ ترمیمی بل 2025 پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2025 بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث بھی ہوگی۔
مزید برآں، بلوچستان میں پولیو کیسز کے اضافے اور فیکٹریوں کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ارکان پانی، صحت، روزگار اور شہری سہولیات جیسے عوامی مسائل پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔














