پشاور میں پی ٹی آئی ایس ایچ او ’گبر سنگھ‘ کیخلاف سراپا احتجاج کیوں؟

منگل 15 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے حلقہ این اے 30 سے پاکستان تحریک انصاف کی منتخب رکن قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما شاندانہ گلزار کی قیادت میں پارٹی کارکنوں اور اہل علاقہ نے کئی گھنٹوں تک کوہاٹ روڈ بند کرکے تھانہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

شاندانہ گلزار کی قیادت میں ہونے والا یہ احتجاج پی ٹی آئی کی اپنی حکومت کی جانب سے تعینات کردہ ایک تھانیدار کے خلاف تھا، جس کے بارے میں مظاہرین کا مؤقف تھا کہ وہ علاقے میں اپنی مرضی کا قانون نافذ کیے ہوئے ہے، جب چاہے اور جہاں چاہے چھاپے مارتا ہے، اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردوں کے نشانے پر، رواں برس 154 حملے

شاندانہ گلزار نے پیر کے روز اسی ایس ایچ او کے خلاف آئی جی خیبر پختونخوا سے باقاعدہ شکایت کی اور بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں بھی ان کے خلاف آواز بلند کی، ان کا مطالبہ ہے کہ بڈھ بیر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور خود کو ’گبر سنگھ‘ کہلانے والے ایس ایچ او کو فوری طور پر معطل کرکے اس کیخلاف عدالتی تحقیقات کی جائیں۔

احتجاج میں نہ صرف پی ٹی آئی کے کارکن بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی نمائندے بھی شریک تھے، شاندانہ گلزار کے مطابق، ایس ایچ او گبر نے پورے علاقے میں خوف کی فضا قائم کر رکھی ہے، اس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ایف سی آر جیسے قوانین نافذ کر رکھے ہیں، گھروں میں گھس کر خواتین کو ہراساں کرتا ہے اور توڑ پھوڑ کر کے نقصان پہنچاتا ہے۔

ایس ایچ او ’گبر‘ کون ہے؟

تھانہ بڈھ بیر کے متنازع ایس ایچ او سب انسپکٹر عبدالعلی خان ہیں، جن کا تعلق پشاور پولیس سے ہے، اونچے قد، لمبے بال، داڑھی اور ہاتھ میں اکثر تسبیح رکھنے والے یہ سب انسپکٹر ٹک ٹاک پر بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں، ان کے دبنگ انداز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں، محکمہ پولیس میں ان کے ساتھی انہیں ایک بے باک اور غیر سیاسی افسر مانتے ہیں جو کسی بھی قسم کی سیاسی سفارش نہیں مانتے۔

سب انسپکٹر عبدالعلی، پشاور کے معروف پولیس افسر رجب علی کے شاگرد ہیں، تاہم، ان کا کیریئر تنازعات سے خالی نہیں، بڈھبیر تعیناتی سے قبل وہ پشاور میں بھی تعیناتی کے دوران متنازع رہے ہیں۔

متنازع پولیس کیریئر

عبدالعلی خان جہاں جہاں تعینات رہے، وہاں ان کی تعیناتی تنازعات کا شکار رہی۔ سابق آئی جی ثنااللہ عباسی کے دور میں جب انہیں شاہ پور پشاور میں ایس ایچ او تعینات کیا گیا تو ٹک ٹاک پر ان کی کچھ ویڈیوز وائرل ہو گئیں جن میں وہ شادی بیاہ کی تقریبات میں میوزک اور ناچ گانے کے خلاف سخت بیانات دے رہے تھے، جس پر انہیں وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

پشاور میں عوامی احتجاج کے بعد ان کا تبادلہ چارسدہ کیا گیا، لیکن وہاں بھی احتجاج شروع ہو گئے، جس کے بعد وہ صوابی تعینات ہوئے۔ وہاں بھی مبینہ طور پر بلاجواز چھاپوں کی شکایات پر انہیں معطل کر دیا گیا۔

بڈھ بیر میں دوبارہ تعیناتی

ایس ایچ او عبدالعلی خان عرف ’گبر‘ کو بڈھ بیر اس وقت تعینات کیا گیا جب علاقے میں جرائم، دشمنیوں، قتل اور منشیات کی اسمگلنگ میں اضافہ دیکھا گیا، پشاور کے سینیئر کرائم رپورٹر خالد الرحمان کے مطابق، عبدالعلی خان پر کرپشن کے الزامات نہیں ہیں، تاہم ان پر قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے، اپنی مرضی کے قوانین نافذ کرنے اور بے گناہ افراد کو گھروں سے اٹھانے جیسے الزامات ضرور ہیں۔

خالد الرحمان کے مطابق، عبدالعلی اپنی مقبولیت کے لیے کبھی مذہبی بیانیہ استعمال کرتے ہیں اور کبھی روایات کا سہارا لیتے ہیں، وہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت رویہ رکھتے ہیں لیکن بے جا چھاپوں کی شکایات بھی مسلسل سامنے آتی ہیں، ان کی تعیناتی اکثر سیاسی مسائل پیدا کرتی ہے، جس کے بعد تبادلہ ہی واحد حل بن کر رہ جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:برار کوٹ واقعہ، تھپڑ خاتون اور پولیس اہلکار کو پڑے یا خیبر پختونخوا کی گورننس کو؟

چند روز قبل بڈھ بیر میں ایک واقعے میں بااثر افراد نے سود واپس نہ کرنے پر قرض داروں کے جانور اٹھا لیے تھے، جس پر ایس ایچ او نے ایف آئی آر درج کر کے نامزد ملزمان کو گرفتار کیا، ان افراد نے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے قرض دے کر 16 لاکھ روپے وصول کر لیے تھے اور مزید رقم کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔

انکوائری کمیٹی کی تشکیل، جلد معطلی کی یقین دہانی

شاندانہ گلزار کی شکایت پر آئی جی خیبر پختونخوا نے پشاور پولیس چیف کو تحقیقات کا حکم دیدیا، جس کے بعد سی سی پی او پشاور نے ایس ایس پی کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ جمع کرے گی۔

دوسری جانب، پولیس حکام نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ ایس ایچ او کو جلد معطل کر دیا جائے گا، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے اور کوہاٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp