یہ کیسا پاکستان ہے جہاں چینی باہر بھیج کر وہی چینی اربوں میں خریدلی جاتی ہے؟ شہباز شریف

بدھ 16 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں چینی کی امپورٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے ہر دورِ حکومت میں مختلف نوعیت کے بحران جنم لیتے رہتے ہیں اور جب یہ بحران شدت اختیار کر جاتے ہیں تو انہیں اہم شخصیات سے بھی جوڑا جاتا ہے اور مخالفین ایک دوسرے پر تنقید کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ ماضی میں تحریک انصاف جبکہ حال ہی میں مسلم لیگ ن کی حکومت میں چینی اسکینڈل شدت اختیار کر رہا ہے۔

اس کی بڑی وجہ پہلے چینی کی درآمد اور اب برآمد کرنے کا فیصلہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران ساڑھے 7 لاکھ ٹن سے زائد چینی کی برآمد کی گئی تھی جبکہ اب حکومت نے اتنی ہی مقدار درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے میں 50 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما فواد حسن فواد نے چینی درآمد کرنے کے حکومتی فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمت پر قابو کی کوشش، حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان معاملات طے پا گئے

حکومت کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے اور مناسب سپلائی کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت چینی برآمد کرنے کی اجازت ہی کیوں دیتی ہے جب اپنے ملک کی ضروریات پوری نہیں ہوتیں اور پھر سے چینی درآمد کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔

ایسے میں وزیراعظم شہباز شریف کی ایک پرانی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کو چینی کی امپورٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’یہ کیسا پاکستان ہے جہاں چینی باہر بھیجی جاتی ہے، اربوں روپے جیب میں ڈال لیے جاتے ہیں، پھر وہی چینی باہر سے منگوائی جاتی ہے اور پھر اربوں روپے جیب میں ڈال لیے جاتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں چینی اسکینڈل بہت مشہور ہوا تھا اور اس کے باعث وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار سے ان کا قلمدان واپس لے کر فخر امام کو دے دیا گیا تھا۔

اپریل 2020 میں چینی اسکینڈل کی تحقیقات ایف آئی اے نے کی تھیں جس میں انکشاف ہوا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں خسرو بختیار اور جہانگیر ترین کو چینی کی برآمد کے لیے 80 کروڑ روپے سے زیادہ کی سبسڈی دی گئی۔

اس وقت کی اپوزیشن اور موجودہ حکومت نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اب صارفین مسلم لیگ ن کی پرانی ویڈیوز شیئر کر کے ان پر تنیقد کرتے نظر آتے ہیں کہ آج شہبازشریف وزیراعظم ہیں تو ان کے دور میں بھی چینی پہلے باہر بھجوائی گئی اور اب منگوائی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp