جمیکا کے سبینا پارک میں آسٹریلیا کے ہاتھوں صرف 27 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی شاندار واپسی، مزید نئے کھیل کون سے شامل ہوں گے؟
ٹیم کی بدترین کارکردگی پر چیئرمین کشور شیلو نے سابق لیجنڈری کھلاڑیوں کلائیو لائیڈ، ویو رچرڈز اور برائن لارا کو مشاورت کے لیے مدعو کر لیا ہے۔
آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ کی تاریخ کا دوسرا کم ترین اسکور بنانے پر مجبور کر دیا۔
ان کے علاوہ اسکاٹ بولینڈ نے دوسری اننگز میں جسٹن گریوز، شمر جوزف اور جومیل ووریکن کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان روئسٹن چیز نے شکست کی وجہ کمزور بیٹنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم نے بیٹنگ میں بہتری نہ لائی تو مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
آسٹریلیا نے یہ تیسرا ٹیسٹ میچ 176 رنز سے جیت کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کی اور فرینک وورل ٹرافی برقرار رکھی۔ اسٹارک کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم کا اعتماد مزید متزلزل ہوگیا ہے، جب کہ بورڈ نے اصلاحات کے لیے سابق کھلاڑیوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم اب آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کی تیاری کرے گی۔