فرانس کے شہر لیون کے قریب واقع کورباس جیل سے ایک قیدی نے حیران کن انداز میں اپنے ساتھی قیدی کے لانڈری بیگ میں چھپ کر جیل سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی جو اپنی سزا پوری ہونے کے بعد رہا ہو رہا تھا۔
جیل انتظامیہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ قیدی نے ساتھی کی رہائی کا فائدہ اٹھایا اور جیل عملے کی غفلت کے باعث فرار ہو گیا۔ تاہم اس کی آزادی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور پیر کی صبح اسے لیون کے نواحی علاقے سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: قیدی کا جیل سے فرار ہونے کا انوکھا طریقہ، انتظامیہ سر پیٹتی رہ گئی
لیون کے پراسیکیوٹر آفس کے مطابق فرار ہونے والے قیدی کو صبح 6 بجے کے قریب ایک تہہ خانے سے نکلتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران کوئی زخمی نہیں ہوا اور اس کے ساتھی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
دوبارہ گرفتار ہونے کے بعد قیدی پر منظم جرائم پیشہ گروہ کے ساتھ جیل سے فرار اور مجرمانہ سازش میں شرکت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ حکام نے جیل میں سنگین غفلت کا اعتراف کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جیل پہلے ہی گنجائش سے 170 فیصد زیادہ قیدیوں سے بھری ہوئی ہے جو جیل عملے کے لیے کام کو مشکل بناتی ہے۔ فرار ہونے والا قیدی پہلے ہی کئی سزائیں کاٹ رہا تھا اور منظم جرائم سے متعلق ایک کیس میں بھی تفتیش کا سامنا کر رہا تھا۔