وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے اگر پاکستان آکر حالات خراب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ بھول جائیں، کیونکہ آئین غیر ملکیوں کو کسی سیاسی تحریک کی قیادت کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری تو ایک معمولی بات ہے، اگر وہ آئے تو بہت کچھ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں اور اوورسیز پاکستانیوں میں فرق ہے، یہ برطانیہ میں پیدا ہوئے اور کبھی خود کو پاکستانی تسلیم نہیں کیا۔ ان کی آمد سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مجھے شک ہے کہ جمائما اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت بھی دیں گی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی دھاک دنیا بھر میں قائم ہے، چاہے وہ فیلڈ مارشل ہوں یا وزیراعظم، عالمی سطح پر پاکستان کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ اب ملک میں کوئی انتشار پھیلانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
مزید پڑھیں: چودھری نثار علی خان اور حنیف عباسی نے بیٹے میدان میں اتار دیے
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی سہولتوں کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں، انہیں ہر چیز ان کی خواہش کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے، انہیں علم ہونا چاہیے کہ وہ جیل میں ہیں، کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں نہیں ہیں۔ جبکہ نواز شریف اور مریم نواز نے جیل کی سختیاں بغیر کسی شکایت کے برداشت کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید مجھے پھانسی لگوانا چاہتے تھے پھر بھی انہیں روتے ہوئے دیکھ کر افسوس ہوا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس عظمت سعید مکافات عمل کا شکار ہیں، انہوں نے اپنے محسن کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا۔ ثاقب نثار کو اپنے مظالم کا خمیازہ دنیا اور آخرت میں بھگتنا پڑے گا۔