عراق: ہائپر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، 60 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عراق کے مشرقی شہر کوت میں ایک ہائپر مارکیٹ اور ریستوران میں خوفناک آگ بھڑک اٹھنے کے باعث کم از کم 60 افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ واقعے کو عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

واسط صوبے کے گورنر محمد المیاحی نے واقعے کو ’المناک المیہ اور قومی سانحہ‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق آگ رات کے وقت 5 منزلہ عمارت میں لگی، جہاں شہری خریداری اور کھانے میں مصروف تھے۔

آگ کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پوری عمارت شعلوں کی لپیٹ میں ہے جب کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

شناخت مشکل، لاشیں جلی ہوئی حالت میں

کوت شہر کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اب تک 59 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جب کہ ایک لاش اس قدر بری طرح جھلس چکی ہے کہ اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔

علی المیاحی نامی ایک سرکاری اہلکار کے مطابق کچھ لاشیں ابھی تک ملبے تلے دبی ہوئی ہیں جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

مقدمات درج، تحقیقات کا آغاز

گورنر نے بتایا کہ واقعے کے بعد عمارت اور مال کے مالک کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو 48 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔

گورنر واسط کا بیان

’ایک المیہ، ایک قیامت ہم پر نازل ہوئی ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ذمہ داران کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp