معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے حالیہ تنازع کے بعد ایک بار پھر پاکستان چھوڑ دیا ہے اور وی لاگنگ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔
رجب بٹ پر مبینہ طور پر اسلامی شخصیات کی توہین کا الزام ہے جس پر ان کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کی ویڈیو میں رجب بٹ نے صحابہ کی شان میں توہین آمیز الفاظ کہے۔
حالیہ تنازع کے بعد رجب بٹ ایک بار پھر بیرون ملک چلے گئے اور ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران بتایا کہ انہوں نے ویلاگنگ چھوڑ دی ہے لیکن وہ ٹک ٹاک پر لائیو آئیں گے۔
View this post on Instagram
یو ٹیوبر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ماں کے کہنے پر ویلاگنگ اور پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور جب تک ماں اجازت نہیں دے گی میں واپس نہیں آؤں گا۔ رجب بٹ کا کہنا تھا کہ میری والدہ موجودہ صورتحال سے پریشان ہیں اور میری سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے وہ خود مجھے ایئرپورٹ چھوڑنے آئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور موٹرسائیکل ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت گھر میں کوئی شخص موجود نہیں تھا تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی رجب بٹ کو مختلف مقدمات کا سامنا رہا ہے اور وہ پاکستان چھوڑ کے چلے گئے تھے پھر45 دن بعد وطن واپس لوٹے تھے۔ اس دوران وہ سعودیہ عرب، قطر، دبئی اور لندن گئے تھے اور اس دوران مختلف انٹرویوز بھی دیتے رہے جبکہ مسجدالحرام میں مطاف میں کھڑے ہو کر مداحوں سے معافی بھی مانگی تھی۔