خلا سے چھلانگ لگانے والے ایڈونچر اسٹار پیراگلائیڈنگ کرتے ہوئے ہلاک

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خلا سے چھلانگ لگاکر دنیا کا سب سے بلند اسکائی ڈائیو کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والے فیلیکس باؤمگارٹنر 56 سال کی عمر میں اٹلی میں پیراگلائیڈنگ کرتے ہوئے حادثے میں جان سے گئے۔

یہ واقعہ مشرقی اطالوی علاقے مارکے کے گاؤں ‘پورٹو سانت ایلپیدیو’ میں پیش آیا جہاں وہ ایک ہوٹل کے سوئمنگ پول کے قریب زمین پر آ گرے۔ مقامی حکام کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ ہوا میں اُنہیں اچانک پیش آنے والا کوئی طبی مسئلہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کارگو اسپیس کرافٹ تیانژو-9 چینی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے میں کامیاب

فیلیکس باؤمگارٹنر کو 2012 میں اُس وقت عالمی شہرت حاصل ہوئی تھی جب انہوں نے 39 کلومیٹر کی بلندی سے خلا کے کنارے سے چھلانگ لگا کر نہ صرف دنیا کا سب سے بلند اسکائی ڈائیو کیا بلکہ آواز کی رفتار کو بھی عبور کیا۔ اس مشن کو ریڈ بُل اسٹراٹوس کا نام دیا گیا تھا۔

ان کے مداحوں نے اُن کی ایک آخری ویڈیو پوسٹ پر خراجِ عقیدت پیش کیا جس میں وہ اپنے پیراگلائیڈر کے موٹر پر کام کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

Skydiver Felix Baumgartner

فیلیکس باؤمگارٹنر کو ‘بے خوف فیلیکس’ کے لقب سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے 1999 میں ریو ڈی جنیرو میں حضرت مسیح کے مجسمے کے ہاتھ سے محض 30 میٹر (98 فٹ) کی بلندی سے دنیا کی سب سے کم بیس جمپ کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔

اسی سال انہوں نے کوالالمپور، ملائیشیا میں پیٹرو ناس ٹاورز سے دنیا کی بلند ترین پیراشوٹ جمپ بھی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp