مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا جائے، پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی ذیلی تنظیم ’مجید بریگیڈ‘ کو دہشتگردوں کی عالمی فہرست میں شامل کیا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایبےگیٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ شریف اللہ کی گرفتاری کو انسداد دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فرنٹ لائن ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی، مجید بریگیڈ اور داعش کے خطرے کا نوٹس لیا جائے، پاکسانی مندوب کا سلامتی کونسل میں خطاب

ترجمان نے حالیہ پہلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں اور یہ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطے میں پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اس واقعے کو ’لشکر طیبہ‘ جیسے کالعدم گروہ سے جوڑنے کی کوشش زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت ایسے واقعات کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرتا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے پے در پے خود کش حملے، مجید بریگیڈ کیسے وجود میں آئی؟

دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر کالعدم تنظیموں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہے، قیادت کو گرفتار کیا اور ان پر قانونی چارہ جوئی کی گئی۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف غیرجانبدار اور اجتماعی کوششیں کی جائیں اور ’مجید بریگیڈ‘ جیسے عناصر کو بھی عالمی سطح پر دہشتگرد قرار دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp